ریڑھ کی ہڈی کے علاج میں پیش رفت

February 10, 2020

ماہرین انسانوں کے علاج کے لیے جانوروں پر تجربات کرتے رہتے ہیں۔ریڑھ کی ہڈی کے متاثر ہونے کے سبب در پیش معذوری کے لیے متعدد طر یقوں پر کام کیا جا چکا ہے ،تاہم ابھی تک اس ضمن میںکوئی حوصلہ افزا پیش رفت نہیں ہوئی تھی لیکن حال ہی میں سوئس تحقیق کاروں نے ریڑھ کی ہڈی کے متاثر ہونے کے سبب پیدا ہونے والی معذوری پر قابو پانے کے لیے بندروں پر تجربات کیے ہیں ،جس کےحوصلہ افزانتائج سامنے آئے ہیں۔

سائس سائنس دانوں اور تحقیق کاروں نے الیکٹرانک آلات اور دماغ میں پیوند کاری کے ذریعے جزوی طور پر نقل وحرکت سے معذور بند روں کو برین کنٹرول امپلانٹ کے ذریعے نقل وحرکت کے قابل بنانے کے لیے کام یاب تجربات کیے ہیں۔

اس حوالے سے تجربات سوئٹرزلینڈ کے شہر لوزانے کے ایک ادارے Ecole Polytechnique Federale میں کیے گئے ہیں ۔تحقیق کاروں نے بندر کے دماغ اور اس کے جسم کے نچلے حصے کے درمیان کام یابی کے ساتھ ایک وائرلیس بر ج تخلیق کیا ،جس کی وجہ سے بندر کو دوڑنے والی مشین پر مخصوص انداز میں آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان تجر بات میں کئی ٹیکنالوجیز کو مشتر کہ طور پر بروئے کار لایا گیا ہے۔

بند ر کے دماغ میں الیکٹرانک آلات کی پیوند کاری کی گئی ،جس سے اس کوحرکت کرنے کی تر غیب ملتی ہے ،اس کے ساتھ ساتھ جسم میں الیکٹروڈز لگائے گئے ،تا کہ وہ حرام مغز کے نچلے حصے میںموجود نقل وحرکت کے اعضاء کو تحریک دے سکے اور اس کے ساتھ دماغ اور جسم کے نچلے حصے کے درمیان ایک وائرلیس کنکشن بھی قائم کیا گیا ہے ۔سینٹر آف بائیو الیکٹرانک میڈیسن کے سر براہ چاڈ بوٹن کے مطابق دماغ اور نچلے حصے کوایک لنک کے ساتھ کنکٹ کرنا بہت زبردست کام ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق یہ ہماری طر ف سے ایسے آلات تیار کرنے کی مہم ہے ،جس کے ذریعے ایسےسسٹم تیار کیے جاسکیں ،جنہیں مکمل طور پر انسانی جسم میں نصب کیا جاسکے اور وہ نظر بھی نہ آئیں ۔ان آلات کے سبب نقل وحرکت سے محروم افراد کو حرکت میں لایا جا سکتا ہے ۔یہ تجربات تحقیق کاروں کی ایک انٹر نیشنل ٹیم کی جانب سے کئے گئےہیں ،جس کی سر براہی ایک نیورو سائنٹسٹ گر یگوری کورٹائن نے کی ۔ماہرین کی ٹیم نے پہلے ان تجربات کی شروعات چوہے پر کی تھی اور اگلے مر حلے میں بر ین کنٹرول کے ذریعے بندروں کو واک کرائی گئی ۔

ایک بند ر کے حرام مغز کو اس طر ح متاثر کیا گیا کہ اس کی ایک ٹانگ حرکت سے محروم ہوگئی اور پھر برین امپلانٹ الیکٹروڈز لگا کر وائر لیس لنک تیار کیا گیا، تا کہ ان کی مدد سے نیورونز کو تحریک دیاجاسکے ۔وائر لیس ٹرانسمیٹر برائون یونیورسٹی کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔حرام مغز کو تحریک دینے کی ٹیکنالوجی Thrapeutics -Gکی طر ف سے تیار کی گئی ہے ،اس کو تیار کرنے کے لیے کورٹائن کمپنی سے مدد لی گئی ہے اور اس ٹیکنالوجی کی تیار ی میں کمپنی نے 40 ملین ڈالرز کی سر میہ کاری بھی کی ہے ۔