امریکی یہودی تنظیم کے وفد کی آج سعودی عرب آمد، اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریگا

February 17, 2020

کراچی (نیوزڈیسک )امریکی یہودی تنظیم کا وفد آ ج سے سعودی عرب کا دورہ کرے گا اور یہودی امبریلا باڈی کے وفد کی سعودی عرب سے ملاقاتیں بھی ہوں گی،یہودی امبریلا باڈی وفد 4 روزہ دورہ کرے گاجبکہ سعودی ولی عہد کے قریبی مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد العیسی سے بھی ملاقات ہوگی۔

مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد العیسی سعودی ولی عہد کے قریبی وفد کی نمائندگی کررہے ہیں۔یہودی وفد کا دورہ ایک ایسے وقت ہورہا ہےجب سعودی عرب اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے حوالے سے مسلسل تردید کررہا ہے اور ایسی رپورٹس کو بھی مسترد کردیا کہ سعودی ولی عہد محمدبن سلمان اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو سے ملاقاتیں کرینگے ۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں یہودیوں کی سب سے بڑی تنظیم امریکن جیوش کانگرس کے ایک وفد نے سعودی عرب کے دورے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی یہودی تنظیم کے وفد کا یہ 27 سال کے بعد پہلی بار سعودی عرب کا دورہ ہے۔

اسرائیلی اخبار ʼنے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 1993 کے بعد امریکی یہودی تنظیم کے ارکان پہلی بار سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔ تاہم دوسری طرف سعودی عرب نے اس دورے کی تفصیلات کو صیغہ راز میں رکھا ہے۔

اخباری رپورٹ کے مطابق پیر سے جمعرات تک جاری رہنے والے اس دورے میں امریکی یہودی سعودی عرب کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے تاہم ان عہدیداروں کی شناخت نہیں کی گئی۔ اس کے علاوہ یہ وفد سعودی عرب میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل محمد العیسی سے بھی ملاقات کرے گا۔

اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی یہودی تنظیم کے ارکان سعودی حکومت کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور مشرق وسطیٰ میں بدامنی کا باعث بننے والے اسباب و محرکات پر بھی بات چیت کریں گے۔