سلیپ اپنیا سینڈروم....

February 23, 2020

سلیپ اپنیا سینڈروم(Sleep Apnea Syndrome) نامی مرض نیند کا ایک عارضہ ہے، جس میں مبتلا فرد سونے کے دوران بُلند آواز میں خرّاٹے یا زور زور سے سانس لیتا ہے اور بعض اوقات گہری نیند میں جھٹکے بھی لگ سکتے ہیں۔نوجوانوں میں مرض لاحق ہونے کی وجوہ میں سرِ فہرست نیند کی کمی اور موٹاپا،جب کہ بچّوں میں ٹانسلز اور دانتوں کی خرابی ہیں۔

علاوہ ازیں، پٹّھوں کی کوئی تکلیف، اعصابی کم زوری، فالج، دل کا عارضہ وغیرہ بھی سبب بن سکتے ہیں۔ اس مرض کی عام علامات میں گلے کی سوزش یا خشکی، خرّاٹے لینا، رات میںکم سونا، دِن میں اونگھنا یا نیند آنا، مزاج میں تبدیلی، یادداشت کی کم زوری اورڈرائیونگ کرتے ہوئے نیند آنا وغیرہ شامل ہیں۔

سلیپ اپنیاکاواحد علاج دورانِ نیند سانس لینے کے عمل کو معمول کے مطابق کرنا ہے۔ زیادہ تر کیسز میں معالجین سانس کی رفتار معمول پر لانے کے لیے مریضوں کو مثبت طرزِ زندگی اپنانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ مثلاً وقت پر سونا جاگنا،روزانہ ورزش یا چہل قدمی کرنا، تمباکو اور الکحل سے اجتناب برتنا اورفربہ ہونے کی صورت میں موٹاپے میں کمی لانا وغیرہ۔ تاہم، بعض کیسز میں سرجری یا پھر سی پی اے پی تھراپی بھی تجویز کی جاسکتی ہے۔

یہ تھراپی ایک ماسک مشین کے ذریعے کی جاتی ہے، جسے (Continuous Positive Airway Pressure) کہا جاتا ہے۔ یہ ماسک سونے سے قبل ناک پر لگایا جاتا ہے، جو سانس کی رفتار معمول پر رکھتا ہے۔علاوہ ازیں، (Mandibular Repositioning Device) بھی ایک مؤثر طریقۂ علاج ہے۔یہ ایک مخصوص آلہ ہے، جو دونوں جبڑوں کے درمیان لگایا جاتا ہے،تاکہ سانس کا عمل بہتر رہے۔