پیپلز پارٹی آزادی صحافت کی حامی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

February 18, 2020

پیپلز پارٹی آزادی صحافت کی حامی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مقتول عزیز میمن نے اسٹوری رپورٹ کرنے کے بعد ڈیڑھ سال تک آزادانہ کام کیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں صحافی عزیز میمن کے قتل سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت کی حامی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عزیز میمن کے قتل کی مکمل تفتیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ صحافی عزیز میمن کی لاش دو روز پہلے محراب پور میں نہر سے ملی تھی، واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔

گزشتہ روز نوشہرو فیروز میں رپورٹر عزیز میمن کی نماز جنازہ کےبعد تدفین کردی گئی۔

مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ پولیس نامزد ملزمان کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔

مقتول صحافی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر صحافیوں نے محراب پور تھانے کے سامنے دھرنا دیا۔

مقتول صحافی عزیز میمن کے بھائی حفیظ میمن کا کہناکہ پولیس نے قاتلوں کو پکڑنے اور محرکات کا پتا لگانے کیلئے ابھی تک کوئی تفتیش نہیں کی۔