وزیراعظم کا فوڈ آئٹمز کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کریک ڈاؤن کا حکم

February 18, 2020

وزیراعظم کا فوڈ آئٹمز کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کریک ڈاؤن کا حکم

وزیر اعظم عمران خان نے کھانے پینے کی اشیاء کی اسمگلنگ روکنے کے لیے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

کھانے پینے کی اشیاء کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا ہے ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤداور سیکریٹری داخلہ بھی شریک ہوئے ۔

وزیراعظم نے وزارتِ داخلہ ،صوبائی حکومتوں ، قانون نافذ کرنے والے وفاقی و صوبائی اداروں اور ایف بی آر کو مشترکہ لائحہ عمل بنا کر فوری ایکشن کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں فوری کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور وزارت داخلہ سے جامع اقدامات کی رپورٹ 48 گھنٹوں میں طلب کرلی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ قلیل المدتی ، وسط مدتی اور طویل المدتی اقدامات کیے جائیں گے۔

عمران خان نے انٹیلی جنس بیورو( آئی بی) ، آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کو مانیٹرنگ رپورٹ باقاعدگی سے پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فوڈ آئٹمز کی اسمگلنگ سے قیمتوں میں اضافہ اور عام آدمی تکالیف کا شکار ہوتا ہے ،جو کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے، جس کی موثر روک تھام میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے حکم دیا ہے کہ ایرانی تیل کے حوالے سے بھی جامع پالیسی تشکیل دی جائے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جائے، بلوچستان میں بارڈر مارکیٹس کے قیام پر پیش رفت تیز کی جائے۔