دورہ بھارت، ٹرمپ پاکستان سے کشیدگی کم کرنے پر زور دینگے

February 22, 2020

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کادورہ بھارت

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ بھارت میں اقلیتوں سے بدترین امتیازی سلوک اور مذہبی آزادیوں پر پابندیوں کا معاملہ بھی اٹھائیں گےاور زور دیں گے کہ پاکستان سے کشیدگی کم کی جائے۔

وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ بھارت کے دورے میں نہ صرف اقتصادی اور فوجی صلاحیت بڑھانے پر بات ہو گی بلکہ وہ مودی سرکار پر زور دیں گے کہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے اور تمام مذاہب کے افراد کے ساتھ برابری کا سلوک کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے اس بات پر بھی زوردیا جائے گا کہ پاکستان اور بھارت کےدرمیان لائن آف کنٹرول پر استحکام کی فضاء پیدا کی جائے۔

وائٹ ہاؤس کے اہلکار کا کہنا ہے کہ امریکا کی توجہ افغانستان میں امن عمل پر مرکوز ہے اور اس کی خواہش ہے کہ علاقائی طاقتیں اس عمل میں امریکا کی مدد کریں۔

ٹرمپ کے دورے میں دوطرفہ مسائل اوراختلافات ڈائیلاگ سے حل کیے جانے پر بھی زور دیا جائے گا ۔