قبائل کو دیوار سے لگانے کے نتائج خطر ناک ہوں گے، سید ولی شاہ

February 25, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر قبائلی رہنما سید ولی شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کے دور حکومت میں قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے قبائل کو تحفظ فراہم کیا گیا قبائل کی تاریخ میں پہلی بار قبائلی طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے لئے قبائل کے لئے الگ فاٹا یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ قبائلی علاقوں میں غربت بدحالی پسماندگی بے روزگاری و قبائل کی محرومیوں کے خاتمے اور قبائلی علاقوں کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے جبکہ قبائلی علاقوں کو سی پیک میں شامل کیا گیا جبکہ موجودہ حکومت کی طرف سے قبائل کو مسلسل نظر انداز کرنے سے قبائل میں محرومی بڑھتی جا رہی ہے ۔ سید ولی شاہ آفریدی نے قبائلی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبائل کو دیوار سے لگانے کے نتائج خطر ناک ہوں گے طویل دہشت گردی کا شکار رہنے سے قبائلی علاقے تباہی و بربادی سے دو چار ہو چکے ہیں۔ قبائل کی طرف سے امن کے لئے ہزاروں جانوں کی قربانی دی گئی لاکھوں قبائل کو نقل مکانی کر کے بے گھر ہونا پڑا اور قبائل کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔