نعمت اللہ خان کا دوسرا نام خدمت تھا،جما عت اسلامی

February 26, 2020

راولپنڈی( نیو زرپورٹر )امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗ جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ٗنائب اُمراء شیخ مسعود احمد ٗرضا احمد شاہ ٗ چوہدری منیر احمد ٗچوہدری سرفراز احمد ٗ ضیا اللہ چوہان ٗ ڈپٹی جنرل سیکرٹری طارق رضا ٗجاوید اختر ٗ راجہ ممتاز حسین ٗچوہدر ی ظفر یٰسین ٗملک عمران ٗعبدالعزیز اعوان اور سیکرٹری اطلاعات ملک محمداعظم نے سابق مئیر کراچی اور سابق صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستا ن نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی وفات پر دلی تعزیت اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے نعمت اللہ خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بے مثال خدمات کی بدولت خدمت کا استعارہ بن چکے تھے۔ نعمت اللہ خان کا دوسرا نام خدمت تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کے دو بار مئیر بننے والے عبدالستار افغانی مرحوم کے بعد یہ نعمت اللہ خان ہی تھے کہ جنہوں نے کراچی کو ایک بار پھر سے روشنیوں کا شہر بنانے کے لئے دن رات کا م کیا۔یہی وجہ ہے کہ ان کی انتھک کوششوں اور کام کا مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں۔بعد میں آنے والے لوگ انہی کے شروع کردہ یا تجویز کردہ پراجیکٹس کو مکمل کرتے رہے ۔ نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے اپنے آپ کو عوامی خدمت کے لئے وقف کر رکھا تھا۔ الخدمت فائونڈیشن ان ہی کا صدقہ جاریہ ہے۔ الخدمت فائونڈیشن کو ملکی سطح پر ایک این جی او کی طرز پر منظم اور فعال تنظیم بنانے میں ان کی کوششوں کا بڑا عمل دخل رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی مغفرت فرمائے۔ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔