امریکی وزیر تجارت کی عمر ایوب اور ندیم بابر سے ملاقات

February 26, 2020

امریکی وزیر تجارت والبر راس نے وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈویژن عمر ایوب سے ملاقات کی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔

امریکی وزیرتجارت کی زیرقیادت ایک کاروباری اور تجارتی وفد پاکستان پہنچا ہے جو تجارتی اور کاروباری تعاون کےفروغ کا جائزہ لے گا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن نے توانائی سیکٹر اور اس میں اصلاحات کاجائزہ پیش کیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ امریکی کمپنیوں کیلئے پاکستان میں بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔ امریکا پاکستان میں رینیو ایبل توانائی، مصنوعی ذہانت اور پن بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرسکتاہے۔

عمرایوب نے مزید کہا کہ پن بجلی سمیت قابل تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار برھائی جائے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ پاکستانی مارکیٹ میں ایگزون موبل کی دوبارہ آمد خوش آئند ہے، ایگزون موبل کی پاکستان آمد کے بعد مزید امریکی کمپنیاں ایگزون کی پیروی کرسکتی ہیں۔

ندیم بابر نے کہا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی، تیل و گیس کی تلاش، پیداوار میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرتجارت کہا کہ دورہ پاکستان تجارتی روابط بڑھانے کی خواہش کا اظہار ہے، پاک امریکا روابط تجارت بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور پاکستان نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔