حج فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ درج کیا جائے، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

February 27, 2020

کراچی (پ ر) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آئے دن دین دشمنی اور قادیانیت نوازی کے بدترین اقدامات کررہی ہے،حج انٹری فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ درج کیا جائے،حج فارم میں تبدیلی بدترین قادیانیت نوازی ہے۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر مرکزیہ حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، نائب امیر مرکزیہ مولانا حافظ ناصر الدین خاکوانی، مولانا خواجہ عزیز احمد، ناظم اعلیٰ مولانا عزیزالرحمن جالندھری، مرکزی رہنمائوں مولانا اللہ وسایا، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، مولانا حافظ محمد اکرم طوفانی، مفتی محمد شہاب الدین پوپلزئی ، علامہ احمد میاں حمادی، مولانا عزیزالرحمن ثانی، مولانا مفتی خالد محمود، مولانا محمد اعجاز مصطفی، مولانا قاضی احسان احمد اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ حج فارم میں حلف نامہ موجود ہوتا ہے جسے بھر کر ہر مسلمان عقیدہ ختم نبوت پر اپنے ایمان کا برملا اظہار کرتا ہے اور اس کا مقصد قادیانیوں کے داخلے سے حرمین کو محفوظ رکھنا ہوتا ہے، کیونکہ آئین پاکستان کی رو سے وہ غیر مسلم ہیں، لیکن وہ خود کو مسلم ظاہر کرکے دھوکے سے حرمین میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔ اس لئے حج فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ رکھا گیا ہے۔ تاہم2020ء کے حج درخواست فارم کو پیچیدہ اور دو حصوں میں کرکے کہا جارہا ہے کہ یہ پہلی انٹری ہے، اس کو بھرنے کے بعد پھر دوسرے فارم جس پر ختم نبوت کا حلف نامہ ہے ، اس پر حاجی کے دستخط کرائے جائیں گے۔ یہ حکومت کے ایوانوں میں چھپے قادیانیت نواز عناصر کی کارروائی ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے2019ء کا حج فارم بحال رکھا جائے اور ختم نبوت کا حلف نامہ اسی انٹر ی فارم میں درج کیا جائے۔