پیٹرول 25 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان

March 09, 2020

پیٹرول 25 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان

سعودی عرب اور روس میں خام تیل کی قیمت کی جنگ چھڑنے کے بعد دوران ٹریڈنگ خام تیل قیمت 25 فیصد تک کمی کیساتھ 34 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یکم اپریل سے پاکستان میں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت 25 روپے فی لیٹر تک کم ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق سعودی عرب اور روس کی تیل کی قیمت کی جنگ سے پاکستان سمیت دیگر تیل درآمد کرنے والے ممالک کا فائدہ ہوگا۔

قیمتیں موجودہ کم سطح پر طویل عرصے برقرار رہیں تو معقول ٹیکس وصولیوں کیساتھ یکم اپریل سے پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں باآسانی 25 روپے فی لٹر تک کمی کی جاسکتی ہے۔

اوپیک اور روس کے مابین پیداوار میں کمی کے معاملے پر عدم اتفاق کے بعد سعودی عرب کی جانب سے پیداوار میں اضافے کے اشارے اور قیمت میں 20 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔

سعودی اقدام کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں زبردست کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔

دوران ٹریڈنگ برینٹ خام تیل 34 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 30 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔

ٹوکیو اور آسٹریلوی اسٹاک مارکیٹ میں دورانِ ٹریڈنگ 6 فیصد تک کمی ہوئی ہے جبکہ ناروے اور میکسیکو کی کرنسی امریکی ڈالر کے مقابلے 10 فیصد تک کمی کا شکار ہیں۔

خام تیل قیمت میں 1991 کے بعد سب سے بڑی کمی کے سبب عالمی بانڈز مارکیٹ بھی دباؤ کا شکار ہے جبکہ سونے اور جاپانی ین میں تیزی کا رجحان ہے۔