فلور پلان یا نقشہ سازی کیا ہے؟

March 15, 2020

فلور پلان یا نقشہ سازی ایک ’’ٹو-ڈائمنشنل‘‘ (2D)لائن ڈرائنگ ہوتی ہے، جو گھر یا عمارت کے ڈھانچے کی دیواروں اور کمروں کو اس طرح نمایاں کرتی ہے جیسے آپ اسے اوپر سے دیکھ رہے ہوں۔

فلور پلان کی خصوصیات

فلور پلان دراصل کسی نقشے کی طرح ہوتا ہے، جس سے مجوزہ تعمیراتی عمارت کی لمبائی، چوڑائی، حجم اور اسکیل کا پتہ چلتا ہے۔ فرض کریں کہ اگر آپ گھر تعمیر کروارہے ہیں تو فلورپلان میں یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ آپ کے مجوزہ گھر کا ایک حصہ (جیسے بیڈروم)، دوسرے حصے (جیسے کچن) سے کتنا دور ہوگا وغیرہ۔ دیواروں، دروازوں کے راستوں اور کھڑکیوں کی ڈرائنگ کا سائز متناسب رکھا جاتا ہے، جیسا کہ یہ فرض کرنا کہ ایک انچ کا مطلب ایک میٹر یا ایک فٹ لیا جائے گا۔ گھر کے فلور پلان میں باتھ ٹب، الماریوں اور سِنک وغیرہ کو عمومی طور پر دِکھایا جاتا ہے۔

ذیل میںفلور پلان میں استعمال ہونے والی اہم اصطلاحات اور ان کا مفہوم بیان کیا جارہا ہے۔

بلیو پرنٹ

تعمیراتی دستاویز یا بلڈر کی رہنمائی کے لیے استعمال ہونے والی تفصیلی ڈرائنگ کو بلیوپرنٹ کہا جاتا ہے (یہ پرنٹنگ کے پُرانے طریقہ کار کو واضح کرتا ہے، جس میں بلیو پیپر پر سفید لائنیں لگائی جاتی ہیں)۔

رینڈرنگ

رینڈرنگ 2Dکے علاوہ 3Dمیں بھی ہوسکتی ہے۔ یہ مجوزہ عمارت کا کمپیوٹر پر تیار کردہ خاکہ ہوتا ہے، جس سے واضح طور پر پتہ چلتا ہے کہ تیار ہونے کے بعد ایک عمارت مختلف سمتوں سے کس طرح نظر آئے گی۔

اسکیمیٹک

ایک آرکیٹیکٹ کی اپنے کلائنٹکی ضروریات کو پورا کرنے کی ابتدائی اسکیم اسکیمیٹک(Schematic)کہلاتی ہے۔ آرکیٹیکٹ کے ڈیزائن کے ابتدائی مرحلے میں نقشہ سازی شامل ہوتی ہے۔

فلور پلان اور تعمیراتی کام کا آغاز

آپ محض فلور پلان اور ایک تصویر کی مدد سے گھر تعمیر نہیں کرسکتے۔ جب آپ ایک فلور پلان کا انتخاب کرتے ہیں تو اس میںیہ دیکھتے ہیں کہ جگہ کو کس طرح مختلف مقاصد کے تحت استعمال میںلانے کے لیے تقسیم کیا گیا ہے، جیسے مختلف کمرے، باورچی خانہ، پورچ، صحن وغیرہ وغیرہ۔ اس کے بعد آپ دیکھتے ہیں کہ اس فلور پلان کے مطابق، لوگوں کو گھر کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک پہنچنے میںکس قدر آسانی یا مشکل پیش آسکتی ہے۔

فلور پلان دراصل گھر کی ایک ’’بڑی تصویر‘‘ پیش کرتا ہے، اس میں بلڈرز کے لیے اتنی تفصیلات نہیں ہوتیںکہ وہ بس اسے دیکھ کر تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کردیں۔ تعمیرات کا آغاز کرنے کے لیے بلڈر کو مکمل ’’بلیوپرنٹ‘‘ اور ’’تعمیراتی ڈرائنگ مع ٹیکنیکل معلومات‘‘ کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ وہ چیزیں ہیں جو آپ کو اکثر فلور پلان میں نظر نہیں آتیں۔ مکمل تعمیراتی پلان میں فلور پلان، کراس سیکشن ڈرائنگ، الیکٹریکل اور پلمبنگ پلان، ایلیویشن ڈرائنگ وغیرہ شامل ہوتی ہیں۔ البتہ، آپ اپنے آرکیٹیکٹ یا ماہر ہوم ڈیزائنر کو فلور پلان اور ایک تصویر دے کراس کے ذریعے تعمیراتی ڈرائنگ اور دیگر ٹیکنیکل معلومات کو دستاویزی شکل دے سکتے ہیں۔ آرکیٹیکٹ مفصل تعمیراتی ڈرائنگ تیار کرتے وقت عمارت کی سائٹ کے چاروں اطراف کے منظر کو دیکھے گا اور کسی رُخ پر کوئی خوبصورت منظر نظر آنے کی صورت میں وہ کھڑکیوں کو اس طرف لے جائے گا اور کھڑکیوںکے سائز کو بڑا بھی کردے گا۔ مزید برآں، وہ فلور پلان کی اورینٹیشن میںبھی کچھ تبدیلی لاسکتا ہے۔

ڈول ہاؤس وِیو

ڈول ہاؤس وِیو (Dollhouse view) ایک ایسا تھری ڈی فلور پلان ہوتا ہے، جسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے اوپر سے پورا منصوبہ آپ کی نظر کے سامنے ہو، مطلب ایسا خاکہ جس کے ذریعے ایک نظر میں آپ منصوبے کا مکمل منظر دیکھ سکیں۔

ضروری اجازت نامے

ایک بار فلور پلان اور دیگر تفصیلات حاصل کرنے کے بعد آپ جس علاقے میں عمارت تعمیر کروانا چاہتے ہیں، آپ کو اسی مناسبت سے متعلقہ شہری، صوبائی یا وفاقی اداروں سے قانونی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا، جس میں عمومی طور پر آپ کو دو ہفتےیا اس سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔

تعمیراتی مرحلے کیلئے تیاری

فلورپلان اور تعمیراتی ڈرائنگ کی تیاری اور اسے منظوری کے لیے بھیجنے کے ساتھ ہی آپ نے تعمیراتی مٹیریل کے انتخاب کا عمل شروع کرنا ہوگا، تاکہ آپ اپنے بجٹ کے مطابق مٹیریل کا انتخاب کرسکیں۔ مزید برآں، اسی مٹیریل کے مطابق آپ نےٹھیکیدار سے مزدوری کی لاگت طے کرنی ہے۔

امکان ہے کہ جس وقت آپ ان تمام مراحل سے گزر کر حقیقتاً تعمیرات کا آغاز کریںگے تو چند ایک ماہ گزرچکے ہوں گے۔ پلاننگ کا مرحلہ وقت طلب ہوتا ہے لیکن اس سلسلے میں آپ کی جانب سے کیا گیا ہر کام آپ کو اپنے پروجیکٹ کی تکمیل کے ایک قدم اور قریب لے جائے گا اور ہر مرحلے کے ساتھ آپ کو اندازہ ہوتا جائے گا کہ کام مکمل ہونے کے بعد آپ کا گھر کیسا نظر آئے گا۔