کورونا سے انسان ہی نہیں کاروبار بھی مررہے ہیں

March 14, 2020

کورونا وائرس کے حملے سے صرف انسان ہی نہیں بلکہ کاروبار بھی مر رہے ہیں، سفری سہولتیں فراہم کرنے والی ٹریول ایجنسیوں میں ان دنوں سناٹے کا راج ہے، ٹریول ایجنٹس دیوالیہ ہونے کے خوف میں مبتلا ہیں۔

کہاں تو ان دنوں میں ٹریول ایجنٹوں کے ہاتھوں کو ٹکٹیں بنانے سے فرصت نہ ہوتی تھی اور اب یہ حال ہے کہ انگلیاں کی بورڈ پر ساکت پڑی ہیں، کورونا وائرس نے ٹریول ایجنٹ کے کام کا کام تمام کردیا ہے، ان کے پاس فرصت ہی فرصت ہے۔

ٹریول ایجنٹ کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لوگ سفر نہیں کر رہے ہیں اور جنہیں مجبوری میں کرنا پڑرہا ہے، انہیں بھی سفری سہولیات فراہم کرنا دشوار ترین ہے جبکہ مجبور مسافر پریشان ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا نے امریکی اسٹاک مارکیٹ گرا دی

ٹریول ایجنٹس ایئرلائنز کچھ ایڈوانس دے کر ٹکٹیں بک کراتے ہیں پھر انہیں بیچ کر پرانی ادائیگی کرکے نئے بکنگ کراتے ہیں لیکن کورونا وائر س کے حملے نے پوری سپلائی چین کومتاثر کیا ہے۔

ٹریول ایجنٹس نےانٹر نیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) سے خصوصی صورتحال پر خصوصی اقدامات کرنے کی سفارش کی جو مسترد کردی گئی۔