سنہرے اقوال

March 22, 2020

٭… جب کسی انسا ن پر احسان کرو،تواسے چھپاؤ اوراگر کوئی تم پر احسان کرے تواسے پھیلاؤ۔

٭… غم پر اتنے آنسو نہ بہاؤ کہ خوشی پر دوآنسو بھی نہ گرسکیں۔

٭… اعتماد روح کی طرح ہوتا ہے، جوایک بار چلا جائے تو لوٹ کرنہیں آتا۔

( حرا اقبال)

٭… اللہ اور اس کے رسولﷺ سے ناتا جوڑ لو، تو جو چاہو پالوگے۔

٭… محبت جب خاموشی ہوتی ہے، تو دل کے کسی گوشے میں نرمی سے پیوست ہوجاتی ہے۔

حنا جبیں ( جامعہ کراچی، کراچی)

دل کی باتیں

٭…ایک سفر وہ بھی ہے، جس میں پاؤں نہیں، دل تھک جاتے ہیں۔

٭…انسان چہرہ تو صاف رکھتا ہے، جس پر لوگوں کی نظر ہوتی ہے، مگر دل صاف نہیں رکھتا ،جس پر اللہ کی نظر ہوتی ہے۔

٭…غصّے کے تیز لوگ اکثر دل کے صاف ہوتے ہیں ۔

٭…دل تلوار سے نہیں ،علم سے فتح ہوتے ہیں۔

سہیل (رشید آباد، کراچی)

ہیرا اور سونا

٭…شیخ سعدی سے کسی نے پوچھاکہ’’ بھائی اور دوست میں کیا فرق ہے؟‘‘شیخ سعدی نے فرمایا’’بھائی سونا ہے اور دوست ہیرا۔‘‘ اس شخص نے کہا ،’’ حضور ہیرا تو منہگاہوتا ہے اور سونا سستا۔‘‘تو شیخ شعدی نے فرمایا’’ بھائی سونا اس لیے ہے کہ حالات کی وجہ سے اس میں کوئی دراڑ پڑجائے،توسونا پگھلا کر دوبارہ اکھٹا کیا جاسکتا ہے ،مگر ہیرا ایک بارٹوٹ جائے، تو اسے دوبارہ جوڑا نہیں جاسکتا‘‘

ولی احمدشاد(الامین سٹی، ملیر، کراچی)

کار گرتدبیر

ایک دن کسی طالبِ علم نے اسپرے پینٹ سے اسکول کی دیواریں خراب کر دیں۔ جب شرارت کرنے والے بچّے کا پتا چل گیا تواس کے والد کو فون کرکے بلایا گیا اور شکایت کی گئی۔ باپ نے پرنسپل کے سامنے اپنےبیٹے سے دھیمے لہجے میں تصدیق کی ، تو اس نے اعترافِ جرم کرلیا۔جس پر باپ نے وہیں بیٹھے بیٹھے رنگ ساز کو فون ملایا اور دیواروں پر رنگ کرنے کا کہا۔ بعد ازاں، پرنسپل سے اپنے بیٹے کے کیے کی معافی مانگی اور اس کے سر پر شفقت سے ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا ’’بیٹا! اگر تم میرا سر فخر سے اونچا نہیں کر سکتے، تو کم از کم ایسا کوئی کام نہ کرو جس سے میرا سر نیچا ہو۔‘‘ یہ کہہ کر وہ چلاگیا۔باپ کی بات کا لڑکے پر اتنا اثر ہوا کہ وہ زارو قطار رونے لگا اور پھر خوب دل لگا کر پڑھائی میں مصروف ہوگیا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس نے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ۔اس واقعے نے یہ ثابت کردیاکہ بچّوں پر مارپیٹ کا نہیں، شفقت سے سمجھائی بات کازیادہ اثر ہوتا ہے۔ بلقیس متین(فیڈرل بی ایریا،کراچی)