کورونا کا خطرہ، پی ایس ایل5 فوری ملتوی

March 17, 2020


ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے بڑھنے کے پیشِ نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آج ہونے والے پی ایس ایل فائیو کے دونوں سیمی فائنل ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ فائیو کا آج پہلا سیمی فائنل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان جبکہ دوسرا سیمی فائنل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان تھا یہ دونوں میچز ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: سندھ میں کورونا کے مریض 155، ملک میں 189 ہو گئے

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائیو کا ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے اجلاس میں کیا گیا ہے، ایک فرنچائز غیر ملکی کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد کھیلنے کو تیار نہیں۔

ذ رائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پی سی بی نے براڈ کاسٹرز کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے سیمی فائنلز آج جبکہ فائنل کل کھیلا جانا تھا، اب سیمی فائنل اور فائنل کے میچز ری شیڈول ہوں گے۔

واضح رہے کہ نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کی طرف سے دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 184 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: بندروں میں مدافعت کورونا ویکسین کیلئے مددگار

اس وقت پاکستان میں جن 184 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے ان میں سے 150 صوبہ سندھ میں، 15 خیبر پختون خوا میں، 10 بلوچستان میں، 4 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں، 3 گلگت بلتستان میں اور 2 پنجاب میں موجود ہیں۔

سندھ میں 2 افراد صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں جبکہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ 150 میں سے 30 افراد کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدر آباد سے ہے۔