• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مزید 5 اور پنجاب میں 4 کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سندھ میں متاثرین کی تعداد 155، پنجاب میں 6 جبکہ ملک بھر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 193 ہو گئی۔

حکومتِ سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 155 ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ سکھر میں موجود 234 زائرین کے ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں جن میں سے 119 کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان 234 افراد میں سے 115 کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

ادھر وزیرِصحت پنجاب یاسمین راشد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 155 اور پنجاب میں 6 ہونے کے بعد پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 193ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا کا خطرہ، پی ایس ایل5 فوری ملتوی

یہ بھی پڑھیئے: لاہور، قرنطینہ گزار کر آنیوالا انتقال کر گیا

اس وقت پاکستان میں جن 193 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے 155 صوبہ سندھ میں، 15 خیبر پختون خوا میں، 10 بلوچستان میں، 4 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں، 3 گلگت بلتستان میں اور 6 پنجاب میں ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ 155 میں سے 30 افراد کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدر آباد سے ہے، جبکہ صوبے میں 2 افراد صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔

تازہ ترین