کراچی میں کورونا کے 101 مریض

March 21, 2020

کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 101 ہو گئی ہے، محکمۂ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں کورونا وائرس سے 29 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

کراچی میں 14 جب کہ سکھر کے قرنطینہ میں 15 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد صوبے بھر میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 267 ہو گئی۔

ترجمان محکمۂ صحت کے مطابق سکھر میں کورونا وائرس کے مزید 15 نئے کیسز سامنے آ گئے، تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں تصدیق ہوئی، اب سکھر لیبر کالونی میں 166 زائرین زیر علاج ہیں۔

تفتان سے آئے ہوئے 559 زائرین کے اب تک ٹیسٹ کیے گئے، جس میں 242 زائرین میں نتائج منفی آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریض 504

ترجمان محکمۂ صحت نے مزید بتایا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 101 ہے، صوبے میں 264 مریض زیرِ علاج ہیں۔

محکمۂ صحت کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے 3 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور ایک شخص اس وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکا ہے۔