جاپان، ٹوکیواولمپکس ملتوی کرنیکا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے

March 22, 2020

عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے کا مطالبہ دن بہ دن زور پکڑتا جا رہا ہے، اسپینش ایتھلیٹکس فیڈریشن نے بھی اولمپکس ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے جبکہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ گیمز ملتوی کرنے کا آپشن موجود ہے لیکن اس کا انحصار جاپان پر ہے۔

ٹوکیو اولمپکس رواں سال 24 جولائی سے 9 اگست تک شیڈول ہیں لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے مختلف ممالک کی فیڈریشنز اسے ملتوی کرنے کا مطالبہ کر چکی ہیں، نیا مطالبہ اسپیشن ایتھلیٹک فیڈریشن کی جانب سے سامنے آیا ہے۔

اسپیشن ایتھلیٹک فیڈریشن کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی اکثریت نے اولمپکس ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے، موجودہ صورتحال میں کھلاڑیوں کے لیے تیاری ممکن نہیں ہے۔

اس سے پہلے یو ایس ٹریک اینڈ فیلڈ، یو ایس سوئمنگ بھی اولمپک ملتوی کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں ۔

ادھر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ گیمز کو ملتوی کرنے کا آپشن موجود ہے اور ممکن ہے اگلے سال تک ملتوی کر دیئے جائیں لیکن یہ فیصلہ جاپان کو کرنا ہے۔