تیونسیا: ماسک بنانے کیلئے 150ملازمین فیکٹری میں ازخود لاک ڈاؤن

March 28, 2020

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے فرنٹ لائن پر لڑنے والے اور مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان مسیحاؤں کیلئے لوگ مختلف طریقے بھی اپنا رہے ہیں۔

افریقی ملک تیونسیا کی ایک فیکٹری میں 150 ملازمین نے خود کو لاک ڈاؤن کر لیا تا کہ مریضوں کےعلاج میں مصروف ڈاکٹروں کے لئے زیادہ سے زیادہ ماسک بنائے جاسکیں۔ ان ملازمین میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فیکٹری میں ملازمین نے خود کو ایک ماہ کے لئے لاک ڈاؤن کیا ہے اور یہ افراد ایک دن میں 50 ہزار ماسک اور دیگر حفاظتی سامان تیار کر رہے ہیں۔

فیکٹری میں کام کرنے والے منیجر کا کہنا ہے کہ ایسا اقدام حب الوطنی کے تحت کیا کیونکہ ملک میں کورونا کے خلاف جنگ جاری ہے۔

تیونسیا میں گزشتہ اتوار سے لاک ڈاؤن جاری ہے جبکہ یہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 227 اور مرنے والوں کی تعداد 6 ہے۔