ایف بی آئی کا سابق ایجنٹ ہلاک ،ایران پر الزام

March 28, 2020

تہران(پی پی آئی) امریکہ کے خفیہ ادارے ایف بی آئی کے لیے ماضی میں کام کرنے والے رابرٹ لیونسن ہلاک ہوگئے ہیں۔ان کے اہلِ خانہ نے الزام لگایا ہے کہ رابرٹ کی ہلاکت ایرانی حراست میں ہوئی ہے۔رابرٹ لیونسن مارچ 2007سے لاپتہ تھے۔ رابرٹ کے اہلِ خانہ نے یہ بیان امریکی حکام سے ملنے والی معلومات کی بنا پر دیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہیں رابرٹ کی ہلاکت کی اطلاع نہیں دی گئی تھی، تاہم بہت سے لوگوں کو لگ رہا تھا وہ ہلاک ہو گئے ہیں۔امریکی وائٹ ہاوس میں قومی سکیورٹی کے مشیر رابرٹ اوبرائن نے کہا ہے کہ رابرٹ کی ہلاکت کے بارے میں تفتیش جاری ہے تاہم ʼہمارا ماننا ہے وہ کچھ وقت پہلے ہلاک ہوگئے تھے۔رابرٹ کے اہلِ خانہ نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ایک بہت اچھا شوہر اور باپ ایران کی حراست میں ہلاک ہوگیا ہے نہیں پتا ان کی ہلاکت کیسے اور کب ہوئی ہے، ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ یہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے سے پہلے ہوا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں علم نہیں رابرٹ لیونسن کی لاش انہیں کب ملے گی اور آیا ملے گی بھی یا نہیں۔اوبرائن نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ ایران کو رابرٹ کے ساتھ ہونے والے واقعے کی مکمل تفصیل امریکہ کو دینا ہوگی۔واضح رہے کہ لیونسن 2007میں دبئی سے خلیج میں واقع جزیرے کیش جا رہے تھے جب وہ لاپتہ ہو گئے تھے۔ایرانی حکومت نے کبھی لیونسن کے اغوا کا کھلے عام اعتراف نہیں کیا۔ تاہم جب وہ لاپتہ ہوئے تھے تو میڈیا نے خبر چلائی تھی کہ لیونسن ʼایرانی سیکورٹی فورسز کی حراست میں ہیں۔