میو اسپتال، کورونا کا 70 سالہ مریض چل بسا، بیڈ پر باندھنے کا الزام

March 28, 2020

میو اسپتال، کورونا کا 70 سالہ مریض چل بسا، بیڈ پر باندھنے کا الزام

لاہور(نمائندہ جنگ) میو ہسپتال کورونا آئیسولیشن وارڈ میں زیر علاج 70 سالہ کورونا پازیٹو مریض مبینہ طور پر ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث چل بسا۔وزیر اعلیٰ پنجاب اورصوبائی وزیر صحت نے ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز میو ہسپتال لاہور کی آئیسولیشن وارڈ میں زیر علاج شیخوپورہ کا رہائشی 70سالہ محمد حنیف مبینہ طور پر وارڈ کے واش روم میں گر کر جاں بحق ہوا ۔ذرائع کے مطابق معلوم ہواہے کہ رات گئے عملے نے مریض کو مبینہ طور پر رسیوں سے باندھ دیا تھا، دیگر وارڈز کے مریض آئسولیشن وارڈز کی آوازیں سنتے رہے ،پھرجمعہ کی صبح مریض کی رسیوں کو کھول دیا گیاجس کے بعدوہ واش روم گیا جہاں سے واپس نہ آیا۔ذرائع کے مطابق مریض فون کر کےہسپتال عملے اور گھر والوں کو بھی بلاتا رہا،مگر کو ئی مدد کو نہیں پہنچا ۔مریض کہتا رہا کہ میں پرائیوٹ ہسپتال سے علاج کروانا چاہتا ہوں، انتظامیہ فوری طور پر میرے بھائی کو بلا دے۔اس حوالے سے سی ای او میو ہسپتال پروفیسر اسد اسلم نے کہا کہ مریض کی موت ہسپتال کے واش روم میں ہوئی ہے،آئسولیشن وارڈز کے دوسرے مریضوں نے عملے کو بلا کر موت کا بتایا۔جبکہ دوسری جانب میو ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریض کی ہلاکت کےمعاملے پر عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور مریض کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر پروفیسرز پرمشتمل دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیر صحت واقعہ کا علم ہونے پر خود بھی میو ہسپتال پہنچیں اور تمام صورتحال کا خود جائزہ لیا ۔