کورونا پر شمشاد غنی کی مزاحیہ نظم سوشل میڈیا پر وائرل

March 29, 2020

تنویر کھٹانہ ... کورونا وائرس کے حوالے سے شمشاد غنی کی مزاحیہ نظم سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ان کا کہنا ہے کہ میری نظم کورونا وائرس کے باعث گھروں میں محصور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی ایک کاوش ہے۔

اسکاٹ لینڈ کی رہائشی شمشاد غنی کی کورونا وائرس کے حوالے سے مزاحیہ نظم واٹس ایپ، فیس بک، ٹوئٹر غرض ہر سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہے۔

شاپ ورکر اور ٹیکسی ڈرائیور کی حیثیت سے کام کرنے والی شمشاد غنی شعر و شاعری سے خصوصی شغف رکھتی ہیں، روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا ایک بہترین فورم ہے جہاں ہمیں اپنا ٹیلنٹ شو کیس کرنا چاہئے۔

شمشاد غنی نے بتایا کہ کورونا وائرس پر میری نظم کو بہت پذیرائی ملی ہے، میں اس سے پہلے بھی اپنی کئی نظمیں سوشل میڈیا پر شیئر کر چکی ہوں اور انہیں بےحد پسند کیا گیا ہے، جبکہ میں گانے لکھتی، گاتی اور موسیقی بھی ترتیب دیتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے آتے ہی برطانیہ میں بسنے والے لوگوں نے جو افراتفری کا ماحول بنا دیا میں اس سے بہت افسردہ ہوئی اور سوچا کہ ایک ایسی نظم لکھوں جو حالات کی عکاسی بھی کرے اور لوگوں کو ہنسنے کا موقع بھی دے۔

شمشاد غنی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں کمیونٹی کے طور پر ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے تاکہ دیگر کمیونٹیز کے ذہن میں ہماری کمیونٹی کے متعلق پیدا ہونے والے منفی تاثر کو زائل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے سبب جہاں لوگ ٹینشن کا شکار ہیں وہیں ہلکا پھلکا طنزو مزاح لاک ڈاؤن کے سبب گھروں میں بیٹھے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی میری ایک چھوٹی سی کاوش ہے جسے پسند کیے جانے پر لوگوں کی بہت مشکور ہوں۔