گھروں میں رہ کر اپنی اور دوسروں کی جان بچائیں، بلجین ہیلتھ منسٹری

March 31, 2020

برسلز (حافظ ا نیب راشد) بلجیم میں کل 40 ہزار ٹیسٹوں کے بعد 11899 کورونا وائرس سے متاثرہ افراد سامنے آچکے ہیں ۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے گھروں میں رک کر اپنی اور دوسروں کی جان بچائیں۔ یہ بات بیلجین فیڈرل ہیلتھ منسٹری کی جانب سے آگاہی کیلئے قائم کرائسز سینٹر کی پریس کانفرنس میں بتائی گئی۔ منسٹری کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 82 افراد کروناوائرس کے سبب جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 513 ہوگئی ہے۔ اسی طرح گذشتہ 24 گھنٹے میں 536نئے مریضوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ جس کے بعد ہسپتال میں داخل افراد کی تعداد 4524 ہوگئی ہے۔ فیڈرل ہیلتھ منسٹری کی جانب سے مزید آگاہ کیا گیا کہ اس وقت کرونا وائرس کے مریضوں کیلئے جو نظام یا جگہ متعین کی گئی ہے اس کا 53 فیصد بھر چکا ہے۔ اس لئے انتہائی ضروری ہے کہ لوگ گھروں میں رہ کر اپنی اور دوسروں کی جان بچائیں۔ تاکہ ہسپتالوں پہ اتنا بوجھ نہ پڑے کہ اسے سنبھالنا ممکن نہ رہے۔