آئی پی ایل غیرملکی کرکٹرز کے بغیر کرانے پرغور

April 01, 2020

نئی دہلی (جنگ نیوز)دنیا بھر کے اہم کرکٹرز بھارت میں سیزن شروع ہونے اور خاص طور پر انڈین پریمیئر لیگ کے منتظر ہیں لیکن لگتا ہے کہ انہیں اس سال آئی پی ایل سے پیسے کمانے کا موقع نہ ملے کیونکہ لیگ غیرملکی کرکٹرز کے بغیر کرانے کی تجویز زیر غور ہے۔ دنیا بھر میں کھیلوں کے ایونٹس کورونا کے سبب منجمد ہوچکے ہیں، ایشیا کپ اور ورلڈکپ ٹی 20 کو شدید خطرہ ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ دنیا کی سب سے مالدار انڈین پریمیئرلیگ رواں برس کچھ تاخیر سے کھیلی جاسکتی ہے۔ آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن کا انعقاد 29 مارچ سے ہونا تھا، لیکن کورونا وائرس کے سبب اسے 15 اپریل تک کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا۔ حالانکہ اس دوران قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ اس سال آئی پی ایل کو منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ خاص طورپر ٹوکیو اولمپک ایک سال کے لئے ملتوی ہونے کے بعد آئی پی ایل کے منسوخ ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوگیا تھا۔ مگر اب ایک بار پھراسی سال آئی پی ایل کے انعقاد کیلئے منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی فی الحال پوری توجہ اس بات پر ہےکہ آنے والے وقت میں چیزیں کس سمت میں آگے بڑھ سکتی ہیں۔ اسی کے حساب سے مستقبل کی منصوبہ بندی پر غور جاری ہے ۔ بی سی سی آئی حکام اس ضمن میں آئی پی ایل کے آگنائزنگ ٹیم اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہے اور ہر طرح کے امکانات پر سوچ بچار کیا جارہا ہے۔ ان آپشنز میں غیرملکی کھلاڑیوں کے بغیر بھی ٹورنامنٹ منعقد کرنے پر غورکرنا بھی شامل ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق، انڈین پریمیئر لیگ کے اسٹیک ہولڈرز ٹورنامنٹ کے انعقاد کےلئے اگست سے ستمبرکے درمیان کوئی تاریخ تلاش کررہے ہیں۔ بی سی سی آئی نے یہ تجویز بھی سامنے رکھی ہےکہ اگست کے آخر سے لے کر اوائل اکتوبر تک ٹورنامنٹ منعقد کرایا جاسکتا ہے۔ البتہ ضروری ہوگا کہ اگلے چار ماہ میں بھارت سےکورونا وائرس پوری طرح ختم ہوجائے۔