‎ہیوسٹن، کورونا متاثرین کیلئے پاکستان سینٹر فوڈ پینٹری کا قیام

April 02, 2020

امریکا کی ریاست ٹیکسساس کے شہر ہیوسٹن میں جہاں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے یہاں پر شہر میں مختلف سماجی اور فلاحی تنظیموں کے مشترکہ اشتراک سے پاکستان سینٹر فوڈ پینٹری کا قیام عمل میں لایا گیا جسکا مقصد کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کے سامان کی تقسیم ہے۔

اس کاوش میں ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ، پاکستانی ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن اور الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف جیسی تنظیمیں شامل ہیں جبکہ پاکستانی کمیونٹی کے کئی مخیر سرمایہ دار بھی اس میں برابر کے شریک ہیں، جس میں آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور، ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے صدر امیر مکھانی بھی پیش پیش ہیں ۔

اس ضمن میں پاکستان سینٹر فوڈ پینٹری روزانہ دوپہر 12 بجے سے شام 5 بجے تک عوام کے لیے کھول دی گئی ہے۔

دریں اثنا ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل ابرار ہاشمی نے پاکستان سینٹر ہیوسٹن کا دورہ کیا اور پی اے جی ایچ، الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن اور دیگر تمام تنظیموں کی کوششوں کی تعریف کی، اس موقع پر پی اے جی ایچ کے صدر ہارون شیخ ، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ اور اتحاد کے کو آرڈینیٹر اور تقسیم مرکز کے انچارج میاں نزیر بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان سینٹر فوڈ پینٹری اور الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف عوام میں مختلف اشیا خورونوش، حفظان صحت سے متعلق اشیا، اور کیش کارڈز کے ذریعے لوگوں کو مدد فراہم کررہے ہیں، الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف کئی پاکستانی کمیونٹی آرگنائزیشنز پر مشتمل ہے۔

اس میں پاکستان سینٹر آف گریٹر ہیوسٹن، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن، ہاؤس آف چیریٹی، ابن سینا فاؤنڈیشن، اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن، اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا، فرینڈز آف کراچی، پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے اور دیگر ایسوسی ایشنز شامل ہیں۔