وینٹیلیٹر نوجوانوں کیلئے بچا کر ضعیفہ چل بسی

April 02, 2020

بیلجئم میں کورونا کا شکار 90 سالہ خاتون نے وینٹیلیٹر پر جانے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ وینٹیلیٹر نوجوان مریضوں کے لئے بچا کر رکھیں، میں ایک بہتر زندگی گزار چکی ہوں۔

غیر ملکی میٖڈیا رپورٹس کے مطابق بیلجئیم سے تعلق رکھنے والی سوزان ہوئیلارٹس کو 20 مارچ کو طبعیت کی خرابی کی شکایت کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا،کورونا کا شکار ہونے کے بعد معمر خاتون کی حالت تیزی سے بگڑتی گئی۔

سوزان ہوئیلارٹس کو اسپتال منتقل کرنے سے قبل بھوک کا نہ لگنا اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا اور کورونا کی تشخیص کے بعد انہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا جہاں معمر خاتون سے ان کی بیٹی بھی ملنے سے قاصر رہیں۔

22 مارچ کو دنیا سے رخصت ہونے والی سوزان ہوئیلارٹس کے حوالے سے ڈاکٹروں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ سانس لینے میں دشواری کے باوجود خاتون نے یہ کہہ کر وینٹیلیٹر کے استعمال سے منع کردیا کہ یہ آپ نوجوانوں کے لئے بچاکر رکھیں ، میں پہلے ہی ایک بہتر زندگی گزار چکی ہوں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس جیسے وبائی مرض کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے دنیا بھر کو ہی وینٹیلیٹر کی قلت کا سامنا ہے ،وینٹیلیٹر سانس کی بیماری سے لڑنے کے لئے ایک اہم طبی آلہ ہے ۔