پاکستان میں پھنسے ہزاروں برطانوی شہری واپسی کیلئے بے یارومددگار

April 08, 2020

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس (ایف سی او) نے بھارت، فلپائن، بولیویا اور ایکواڈور سے برطانوی شہریوں کو چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے واپس برطانیہ لانے کا اعلان کیا ہے لیکن فی الوقت پاکستان میں پھنسے برطانویوں کو یہ سہولت آفر نہیں کی گئی ہے۔ پاکستان میں تقریباًایک لاکھ برٹش نیشنل پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔ ان میں سے اکثریت کی دہری شہریت ہے اور ایک اندازے کے مطابق 21000 یوکے سے عارضی وزٹ کرنے والے ہیں، بعد والوں میں سے تقریباً 8000 شارٹ ٹرم ٹریولرز نے حال ہی میں برطانوی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا تھا کہ وہ فوری طور پر گھر واپس جانا چاہتے ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن کی درخواست پر ان افراد کو گھر واپس لانے کیلئے پی آئی اے کی کچھ سپیشل فلائٹس کا انتظام کیا گیا، کیونکہ ان کے بڑھتے ہوئے کرائے تمام افراد برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ گزشتہ ہفتے ایک کمرشل اور تین سپیشل فلائٹس آپریٹ کی گئی تھیں، جن سے تقریباً 1000مسافروں کو مانچسٹر اور لندن پہنچایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس ہفتے مزید 8 پروازوں کا انتظام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔