کورونا وائرس، ایران میں افغان شہریوں کے مفت علاج کا اعلان

April 09, 2020

کابل/تہران(این این آئی)ایران نے ملک میں مقیم افغان شہریوں کو کرونا وائرس کی صورت میں علاج کی مفت سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اورکہاہے کہ ایران میں موجود افغان شہریوں کے علاج کا خرچ ایرانی حکومت برداشت کرے گی افغان شہریوں کی بھرپوردیکھ بھال کرینگے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صدارتی آفس اور ایرانی وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ایرانی وزیرخارجہ نے افغان صدر اشرف غنی اور ان کے سیاسی حریف عبداللہ عبداللہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ۔گفتگو کے دوران کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کے علاوہ افغانستان کی سیاسی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بیان کے مطابق صدر غنی اور ایرانی وزیر خارجہ نے وبائی مرض کی روک تھام کے لیے علاقائی تعاون اورایران سے افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق معاملات پر بھی مشاورت کی۔بیان میں کہا گیا کہ ایران کے وزیر خارجہ نےافغان کو یقین دلایا کہ ایران میں مقیم افغان شہریوں کی ایران بھرپور دیکھ بھال کرے گا۔