حکومت تاجروں کو پائوں پر کھڑے ہونے کیلئے قرضے دے، حاجی غلام علی

April 10, 2020

پشاور(لیڈی رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان کونسل فار کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر اور تاجر رہنما حاجی غلام علی نے مطالبہ کیا ھے کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے صنعتوں کو قرضے فراہم کرے تاکہ وہ دوبارہ اپنے کاروبار کو چلانے کے قابل بن سکیں جبکہ مذکورہ قرضے پر مارک اپ ایک سال کے لئے موخر کیا جائے پشاور پریس کلب میں فیڈریشن کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے کہا کہ کے پی انفرا اسٹرکچر سیس سمیت تمام صوبائی ٹیکسز معاف کرے، نیز صوبائی حکومت خیبر پختونخو اکے صنعتوں پر واجب الادا قرض کا مارک اپ خود ادا کرے، حاجی غلام علی نے کہا کہ حکومت موجودہ معاشی مشکلات کو کم کرنے کی غرض سے اسٹیٹ بنک آف پاکستان سے شرح سود میں کمی کی درخواست کرے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک مہینے سے جاری لاک ڈاون کے دوران صنعتوں کی بندش اور دیگر کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے کی وجہ سے نہ صرف بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے، بلکہ کاروباری لین دین میں رکاوٹوں کی وجہ سے صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کے لئے معاشی مسائل پیدا ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشکل وقت میں صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کے ساتھ مل کر کاروبار پر پڑنے والے منفی اثرات کو زائل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔