پشاورمیں کورونا سے متاثرہ ڈاکٹر انتقال کرگئے

April 25, 2020

خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر انتقال کر گئے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد فیصل کے مطابق حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید انتقال کر گئے۔

انہو ںنے بتایا ہے کہ ڈاکٹر محمد جاوید میں ایک ہفتہ قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد فیصل کا یہ بھی کہنا ہے کہ پروفیسر محمد جاوید کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

انتقال کرنے والے ڈاکٹر کے خاندانی ذرائع کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید تنگی چارسدہ کے رہائشی تھے اور ان کی تدفین آج بعد نمازِ ظہر ان کے آبائی علاقے میں کی جائے گی۔

دوسری جانب حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں کورونا کا ایک مریض بھی انتقال کر گیا ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ڈی ایچ او ڈاکٹر طارق حیات کے مطابق متوفی کا تعلق تحصیل جمرود کے علاقے سورکمر سے تھا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 785 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 11 ہزار 940 تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیئے: پشاور کا ایک اور ڈاکٹر کورونا کا شکار

ملک میں کورونا وائرس سے 16 نئی اموات کے بعد کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 253 ہوگئی۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 ہزار 708 ہو چکی ہے جبکہ اموات تمام صوبوں سے زیادہ 89 ہو گئیں۔