• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور کا ایک اور ڈاکٹر کورونا کا شکار


خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور میں ایک اور ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار ہو گیا ہے۔

پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر فضل منان نے تصدیق کی ہے کہ پشاور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد کریم کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر محمد کریم کا کورونا کا ٹیسٹ نجی اسپتال میں کیا گیا، جو مثبت آیا ہے، جس کے بعد ڈاکٹر کریم نے خود کو گھر میں آئسولیشن میں رکھا ہوا ہے۔

ڈاکٹر فضل منان نے یہ بھی بتایا کہ متاثرہ ڈاکٹر مولوی امیر شاہ میموریل اسپتال میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں کورونا کے 656 مریض سامنے آ چکے ہیں جبکہ اموات سب صوبوں سے زیادہ یعنی 25 ہیں۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کُل تعداد 4 ہزار 793 ہو گئی ہے، جبکہ اس سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 72 ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: عباسی شہید اسپتال کی ڈاکٹر میں کورونا کی تصدیق

ملک میں 3 ہزار 969 کورونا کے مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 45 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 753 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

تازہ ترین