یوم ِ مئی

April 29, 2020

سرورؔبارہ بنکوی

آج مئی کا پہلا دن ہے آج کا دن مزدور کا دن ہے

جبروستم کے مد مقابل حوصلہ ٔ جمہور کا دن ہے

آج کا دن ہے علم و ہنر کا،فکروعمل کی فتح و ظفر کا

آج شکستِ ظلمتِ شب ہے، آج فروغِ نور کا دن ہے

صدیوں کے مظلوم انساں نے،آج کے دن خود کو پہچانا

آج کا دن ہے یومِ اَنا الحق،آج کا دن منصور کا دن ہے

اپنے لہو کا پرچم لے کر ،آج کے دن مظلوم اٹھے تھے

ایک نئے عنواں کی روایت،ایک نئے دستور کا دن ہے

اب نہ کبھی ہم ظلم سہیں گے،جبرو ستم پر چپ نہ رہیں گے

ایک نئے اعلان کی ساعت،ایک نئے منشور کا دن ہے