امریکی رپورٹ نے بھارت کا چہرہ بے نقاب کردیا، شبلی فراز

April 30, 2020


وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ عالمی مذہبی آزادیوں کے امریکی کمیشن کی رپورٹ نے بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔

شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں بھارت سے متعلق امریکی کمیشن کی رپورٹ پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ انتہا پسند ہندو معاشرے کا پتہ دے رہی ہے، نریندر مودی کے ہاتھوں آج بھارتی سماج تقسیم کی گہری کھائی میں گر چکا ہے۔

وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ عالمی تنظیمیں اور بین الاقوامی میڈیا بھارت کی اصلیت دکھا رہا ہے، دنیا بھر میں بھارتی اقدام کی اتنی مذمت پہلے کبھی نہیں دیکھی جتنی آج دیکھی جا رہی ہے اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق روندے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں ہندتوا سوچ کا راج اور اکیسویں صدی کی نازی تنظیم ابھر کرسامنے آرہی ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کے گرد گھیرا ہر روز مزید تنگ ہورہا ہے، ایک طرف جموں وکشمیر میں انہیں کرفیو کے جبر کا سامنا ہے تو دوسری جانب متنازعہ شہریت بل کا۔

شبلی فراز نے کہا ہے کہ متنازعہ شہریت بل کے ذریعے کشمیری مسلمانوں کی زندگی اجیرن بنائی جا رہی ہے، کورونا کو مسلم وائرس قرار دینا بیمار بھارتی ذہنیت کی عکاسی ہے۔