ای سی سی کی گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کی ہدایت

May 06, 2020

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کی ہدایت کردی۔

اعلامیہ کے مطابق ای سی سی میں کہا گیا کہ رواں سال 8.2 ملین ٹن گندم خریداری کا ہدف پورا کیا جائے۔

ای سی سی اعلامیہ میں بتایا گیا کہ صوبوں اور پاسکو نے گندم خریداری کا 48 فیصد ہدف پورا کرلیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزارت فوڈ سیکیورٹی 2 سے 3 ہفتے میں گندم خریداری کی تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔

ای سی سی نے فلور ملز کو گندم خریداری کے لیے مقررہ مدت میں توسیع کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل کھولنے اور گندم کی بیرون ملک اسمگلنگ کی روک تھام کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت نجی شعبہ کو مراعات کاجائزہ لینے کے لیے کمیٹی کی تشکیل نو کردی گئی۔

ای سی سی اعلامیہ کے مطابق مشیر تجارت رزاق داؤد کی جگہ وزیر صنعت حماد اظہر کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔

اعلامیہ کے مطابق وزارت خزانہ کو پاور ہولڈنگ کمپنی کو41 ارب روپے کی گارنٹیز جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔