موسم گرما میں توانائی کو بہتر بنانے کیلئے 5 سُپر فوڈز

May 09, 2020

دُنیا کے بیشتر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی موسم گرما کا آغاز ہوگیا ہے اور ہر سال کی طرح اِس سال بھی گرمی کی شدت میں ہر گُزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔

موسم گرما ناصرف گرم ہوتا ہے بلکہ یہ ہمارے جسم سے توانائی کو بھی کم کر دیتا ہے جس کے بعد ہم خود کو سُست اور تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں۔

ایسے میں ماہرین کچھ ایسی توانائی بخش غذاؤں کے بارے میں بتاتے ہیں جو ناصرف ہمیں توانائی بخشتی ہیں بلکہ ہماری صحت کو دیگر فوائد بھی فراہم کرتی ہیں۔

موسم گرما کے 5 سُپر فورڈز:

سٹرس فروٹس:

سٹرس فروٹس وٹامن سی حاصل کرنے کا ایک بھرپور ذریعہ ہوتے ہیں، یہ پھل ہمیں قوت اور توانائی بخشتے ہیں اور تیز دھوپ کا سامنا کرنے کی بھی ہمت دیتے ہیں۔

اِس کے علاوہ یہ پھل ہمارے قوت مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں اور ہماری جِلد کے لیے بھی بہت مفید ہوتے ہیں۔ اِن پھلوں میں نارنجی، موسمی، لیموں، ٹماٹر، کیوی اور دیگر پھل شامل ہیں۔

پتے دار سبزیاں:

ہرے پتوں والی سبزیاں آئرن، فائبر، کیلشیم، پوٹاشیم، میگنیشیم اور وٹامن کے، سی، ای اور بی کا بھرپور ذریعہ ہوتی ہیں اور اِن میں کیلوریز کی مقدار کم ہوتی ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ یہ سبزیاں ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بہت مفید ہوتی ہیں اور اِن کے کھانے سے ہم موسم گرما میں صحت مند رہ سکتے ہیں۔

دالیں:

ماہرین کہتے ہیں کہ دالیں پروٹین حاصل کرنے کا بھرپور ذریعہ ہوتی ہیں، یہ آئرن، زنک اور فاسفورس سے مالا مال ہوتی ہیں، دال میں نشاستہ کی مقدار کم ہوتی ہے اِس لیے یہ باآسانی ہضم ہوجاتی ہیں، اِس کے علاوہ دالیں وزن کم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں اور یہ شوگر کے مریضوں کے لیے بھی بہت مفید ہوتی ہیں۔

تربوز اور ناریل پانی:

تربوز موسم گرما کا ایک ہائیڈریٹنگ پھل ہے جس میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور اِسی وجہ سے تربوز کو ’واٹر بول‘ بھی کہا جاتا ہے، تربوز وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہےاور یہ ہماری جِلد اور چمکدار بالوں کے لیے بھی بہت مفید ہوتا ہے۔

ناریل پانی کی بات کریں تو یہ ورزش کے لیے ایک بہت ہی اچھی ڈرنک سمجھی جاتی ہے، یہ آپ کے جسم سے پانی کی کمی ختم کرتا ہے اور آپ کے بلڈپریشر کی سطح برقرار رکھتا ہے۔

ہلدی اور ادرک:

ہلدی میں کرکومین نامی ایک مرکب ہوتا ہے جو دل کی بیماریوں، ڈپریشن اور دماغی امراض کے خطرہ کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے جبکہ ادرک پیٹ درد اور متلی جیسے مسائل سے نجات دلانے میں مدد کرتی ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ اِن اجزاء کو موسم گرما میں مستقل طور پر استعمال کرنا چاہیے کیونکہ اس سے ہمارے مدافعاتی نظام کو بھی بڑھانے میں مدد ملے گی جو وقت کی ضرورت بھی ہے۔