جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رہنما، ممتاز عالم دین مفتی عبدالحمید ہزاروی انتقال کرگئے

May 10, 2020

لاہور ( خبرنگار خصوصی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے رہنما، جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ کے شیخ الحدیث والتفسیر، ممتاز عالم دین مفتی عبدالحمید ہزاروی 86 برس کی عمر میں وفات پاگئے۔وہ 66 سال سے جامعہ محمدیہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ میں تدریس کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ گزشتہ رات انہیں سینے میں تکلیف ہوئی اور مختصر علالت کے بعد اللہ کو پیارے ہوگئے۔انہوں نے سوگواران میں 2بیٹے اور 8 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔مولانا محمد اسماعیل سلفی ؒ،صوفی عبداللہ ؒ کے ارادت مند تھے۔مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ ساجد میر، ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے مرحوم کی وفات پر دلی رنج وغم کااظہارکیا ہے۔وہ علم وعمل کا پیکر تھے انکی دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے قائم مقام ناظم اعلیٰ مولانا نعیم بٹ، پنجاب کے امیر مولانا عبدالرشید حجازی، ناظم حافظ یونس آزاد نے بھی مرحوم کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔