شمالی وزیرستان: ویڈیو وائرل ہونے پر 2 بہنیں قتل

May 17, 2020

شمالی وزیرستان کے علاقے گڑیوم میں ویڈیو وائرل ہونے پر غیرت کےنام پر 2 بہنوں کو قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق دونوں بہنوں کے قتل کا ملزم ان کا چچا زاد بھائی ہے، جس نے لڑکیوں کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔

ایک سال قبل عمر ایاز نامی شخص نے دونوں بہنوں کی ویڈیو بنائی تھی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

پولیس کے مطابق گڑیوم میں غیرت کے نام پرقتل کی گئیں لڑکیاں کزن تھیں جن کی عمریں 16 اور 18 سال تھیں، قتل کا واقعہ 3 دن قبل پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ رزمک میں پولیس کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیاہے، واقعہ 14 مئی کا ہے،جس کی 15 مئی کو رپورٹ درج کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ملتان میں غیرت کے نام پر 8 لوگ قتل

پولیس کے مطابق واردات کے بعد قتل کی گئی ایک لڑکی کے باپ اور کزن کو گرفتار کر لیا ہے،جبکہ قتل کے مرکزی ملزم اور ویڈیو کے مرکزی کردار کی تلاش جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلِخانہ میتیں آبائی علاقے جنوبی وزیرستان لے گئے،جہاں ان کی تدفین کر دی گئی ہے۔