99ء ورلڈکپ میں بنگلادیش کی جیت منصفانہ تھی، وسیم اکرم

May 20, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ بنگلادیش ان کے دل کے بہت قریب رہا ہے، 1999 ورلڈکپ میں بنگلادیش کی جیت منصفانہ تھی، اس میچ میں شکست کے بعد بہت مایوسی ہوئی تھی۔

وسیم اکرم نے بنگلادیش کے کرکٹرز تمیم اقبال اور دیگر کے ساتھ سوشل میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بنگلادیش کو مس کررہے ہیں، بنگلادیش ہمیشہ سے ان کے دل کےبہت قریب رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلادیش نے گزشتہ دس، بارہ سال میں اپنی کرکٹ کو بہت بہترکیا ہے، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، مستفیض الرحمان بہت اچھے کرکٹرز ہیں، اگرمجھے شیکب الحسن اور تمیم اقبال کا سامنا ہوتا تو ایک اچھا مقابلہ ہوتا۔

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 1999 میں بنگلادیش کی جیت منصفانہ تھی، اُس دن بنگلادیش کی ٹیم نے پاکستان سے زیادہ اچھا کھیل پیش کیا تھا، بنگلا دیش سے ہارنے کے بعد بہت مایوسی ہوئی تھی، تاہم اس وقت بنگلادیش ٹیم کی تعریف بنتی تھی جنہوں نے اس میچ میں بہت اچھا کھیلا تھا۔