کراچی جیل کے 283 قیدی کورونا کا شکار ہیں: آئی جی جیل

May 21, 2020

آئی جی جیل خانہ جات سندھ نصرت منگن کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل کراچی میں کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافہ ہوا ہے، 283 قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سندھ نصرت منگن نے کہا کہ سینٹرل جیل کے تمام قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے، کراچی سینٹرل جیل میں اب تک 850 قیدیوں کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں۔

آئی جی جیل خانہ جات نے بتایا کہ سینٹرل جیل کے 283 قیدیوں اور 11 اسٹاف ممبر کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جیل اسٹاف کے عملے کو گھروں پر آئسولیٹ کیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ قیدیوں کے لیے جیل میں ہی الگ بیرکس بنائی گئی ہیں۔

آئی جی جیل نصرت منگن نے بتایا کہ روزنہ 4 سے 5 قیدیوں کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں، جیل میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے جیل ایس او پیز کو چیک کیا ہے، ممکنہ طور پر قیدیوں کے سامان یا عملے سے کورونا وائرس جیل میں پھیلا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: پنجاب، جیلوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی

آئی جی جیل خانہ جات سندھ نصرت منگن نے بتایا کہ سینٹرل جیل میں 3500 قیدی ہیں جن کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سول اسپتال کے جیل وارڈ کو کورونا وائرس کے کیسز کے لیے تیار کیا گیا ہے، جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہیں۔

نصرت منگن کا یہ بھی کہنا ہے کہ 250 قیدیوں کو میر پور خاص، خیر پور اور سانگھڑ منتقل کیا گیا ہے۔