طیارہ حادثہ: جاں بحق عملے کے اہلِ خانہ آج کراچی پہنچیں گے

May 23, 2020


گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والے بد نصیب طیارے کے جاں بحق ہونے والے عملے کے اہلِ خانہ کو آج لاہور سے کراچی پہنچایا جائے گا۔

کریو کے 4 خاندانوں نے کراچی جانے کے لیے بکنگ کرائی ہے، کریو کے لواحقین کو لے کر پرواز دوپہر ایک بجے لاہور سے کراچی روانہ ہوگی۔

دیگر 48 مسافروں نے بھی کراچی جانے کے لیے بکنگ کرائی ہے، لاہور ایئر پورٹ پر پی آئی اے نے لواحقین کی رہنمائی کے لیے کاؤنٹر بھی قائم کر دیا ہے۔

پی آئی اے ڈسٹرکٹ منیجر، اسٹیشن منیجر اور بکنگ منیجر روانگی اور ٹکٹنگ کے معاملات دیکھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی کی تاریخ میں پہلی بار بڑا فضائی حادثہ

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریب کی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئی تھیں۔