سعودی عرب ، جاپان،امریکا، کینیڈا آسٹریلیا سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں بھی آج عید ہوگی

May 24, 2020

کراچی(جنگ نیوز) دنیا کے بیشتر ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا، آج عید منائی جائیگی۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین،کویت سمیت خلیجی ممالک ، شام، لبنان، مصرسمیت مشرق وسطیٰ، ایران، انڈونیشیا، جاپان ، فلپائن، ترکی،امریکا ، کینیڈا ، آسٹریلیااوریورپی ممالک میں آج عید منائی جارہی ہے جبکہ بھارت و کچھ دیگر ممالک میں چاند نظر نہیں آیا، یہاں آج روز ہ اور کل عید ہوگی۔نیویارک سے عظیم ایم میاں کے مطابق امریکا بھر میں متفقہ طور پر عیدالفطر منائے جانے پر مسلم کمیونٹی میں اطمینان کااظہار کیا جارہاہے۔ کینیڈا کے تمام شہروں میں بھی آج عید منارہے ہیں البتہ صرف ایک کریسنٹ کونسل نامی تنظیم نے افریقی ممالک نائیجیریا، مالی اور ماریطینیا میں چاند نظر آنے کا جواز بیان کرتے ہوئے ہفتہ 23؍ مئی کو ہی عید منانے کااعلان کردیا جبکہ امریکا و کینیڈا اور جنوبی امریکا کے براعظم سے بھی جمعہ کو چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیںآئی۔ کینیڈا کے مسلمانوں کے تمام مکاتب فکرکی جانب سےآج عید منارہے ہیں۔ امریکا و کینیڈا کے رویت ہلال پر عمل کرنے والے اہل تشیع مسلمانوں کی تنظیمیں 29؍ روزے مکمل کرکے عید الفطر کے بارے میں چاند نظر آنے کی صورت میں فیصلوں کااعلان کریں گی۔ امریکی ریاستوںمیں لاک ڈائون میں نرمی اور صدر ٹرمپ کی جانب سے چرچ، مساجد اوردیگر عبات گاہوں کے فوری کھولنے کےبیان کے بعد نیویارک، ہیوسٹن، ڈیلس اور دیگر شہروں کی بڑی اور وسیع مساجد میں سوشل ڈسٹنس اور دیگر ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے عیدالفطرکی نماز ادا کرنے کے انتظامات شروع ہوگئے ہیں جبکہ متعدد مساجد میں اس سال تراویح کی طرح عید کی نماز بھی نہیں ہوگی۔ بعد مساجد میں 10؍ افراد کورونا کے ضوابط کی تعمیل کرتے ہوئے تراویح اور عید کی نماز ادا کریں گے۔ ہیوسٹن، ٹیکساس کی مساجد النور کے مفتی قمر نے بتایا ہے کہ انہوںنے کورونا کے ضوابط پر عمل کرتے ہوئے اس وسیع مسجد میں جمعتہ الوداع کی نماز بھی ادا کی جس میں سیکڑوں شریک ہوئے۔ مفتی قمر جماعت اہل سنت امریکا کے سربراہ اور رویت ہلال پر عمل کرتے ہیں کورونا کے باعث نیویارک میں ہر سال ہونے والی چاند رات کاعوامی میلہ نہیں ہوسکا جس کیوجہ میلہ کی بانی سربراہ بازہ روحی نے کورونا وائرس بیان کی ہے۔