بدقسمت طیارے کی راڈار فوٹیج اور کنٹرول ٹاور سے گفتگو سامنے آگئی

May 24, 2020

بدقسمت طیارے کی راڈار فوٹیج اور کنٹرول ٹاور سے گفتگو سامنے آگئی

کراچی میں گر کر تباہ ہونے پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کی حادثے سے پہلے کی راڈار فوٹیج اور کنٹرول ٹاور سے گفتگو سامنے آگئی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے دو بج کر 20 منٹ پر طیارے کو رن وے پر اتارنے کی ناکام کوشش کی۔ پائلٹ نے دوبارہ اڑان بھرتے ہی جہاز کو انتہائی زاویہ سے ٹرن لیتے ہوئے فوری طور پر بائیں جانب موڑا۔

طیارہ کئی منٹ تک پرواز کرتے ہوئے شاہ فیصل کالونی سے اپروچ روٹ کی طرف بڑھ رہا ہوتا ہے۔ ملیر رفاع عام سوسائٹی کے اوپر پہنچتے ہی طیارے کے انجن میں شدید گڑبڑ ہوتی ہے۔

انجن کی خرابی کے سبب پائلٹ جہاز کو اتارنے کی اپروچ کیلئے لینڈنگ روٹ پر لے جانے کی بجائے شارٹ کٹ روٹ سے رن وے پر لے جانے کی کوشش کرتا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بدقسمت طیارہ ملیر سعودآباد سے ہوتا ہوا ماڈل کالونی کی طرف پہنچتا ہے۔

اس دوران کنٹرول ٹاور سے رابطہ کے دوران پائلٹ دونوں انجن بند ہونے کا بتاتا ہے۔ پھر پائلٹ اچانک مے ڈے، مے ڈے، مے ڈے کی کال دیتا ہے اور طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے رن وے سے ایک فرلانگ پہلے ماڈل کالونی کے علاقے جناح گارڈن میں راڈار سے غائب ہو جاتا ہے۔

یہی وہ مقام ہے جس کے گھروں پر گر کر پی آئی اے کا یہ طیارہ تباہی سے دوچار ہوا۔ اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔