کورونا سے صحت یاب افراد پلازمہ عطیہ کریں، ڈاکٹر عذرا کی اپیل

May 27, 2020

کورونا سے صحت یاب افراد پلازمہ عطیہ کریں، ڈاکٹر عذرا کی اپیل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے پیسیو امیونائیزیشن کیلئے پلازمہ عطیہ کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہےاوراسوقت ہمیں پلازما کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیسیو امیونائیزیشن کیلئے پلازما کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں سے لیا جاتا ہے۔ کورونا سے صحت یاب ہوجانے والے افراد اس خیر کے کام میں سندھ حکومت کا ساتھ دیں۔پیسیو امیونائیزیشن سے مریضوں کو وینٹیلیٹر پر جانے سے بچایا جا سکتا ہےاسلئے کرونا سے صحتیاب افراد سے جتنا ہو سکے پلازما عطیہ کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک قومی خدمت ہے، جس سے ملک کے دیگر صوبوں کے مریضوں کو بھی علاج میں مدد مل سکے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل بلڈ ٹرنسفیوزن اتھارٹی کی نگرانی میں مکمل ایس او پیز کے ساتھ کیا جا رہا ہےاورپلازمہ لیتے وقت تمام تر اخلاقی پہلوؤں کو بھی مد نظر رکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر درناز جمال نے بھی کورونا سے صحت یاب مریضوں سے پلازمہ عطیہ کرنیکی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریضوں کےعلاج کیلئے پلازمہ کی بہت زیادہ ضرورت ہے، کورونا سے صحت یاب افراد زیادہ سے زیادہ سامنے آئیں اور فون نمبر03332976390 پر فوری رابطہ کریں۔