کسی کورونا مریض کو زبردستی اسپتال منتقل نہیں کیا جائےگا، مرتضٰی وہاب

May 27, 2020

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر حکومت مریض کو زبردستی اسپتال منتقل کردیتی ہے، بعض عناصر کی طرف سے یہ غلط تاثر پھیلایا جارہا ہے۔

بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کورونا کے مریضوں سے متعلق اہم ویڈیو بیان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ خداںخواستہ کسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آتا ہے اور اس میں علامات نہیں ہیں تو وہ خود کو اپنے گھر میں آئیسولیٹ کرے۔ کورونا مثبت آنے کے باوجود جس شخص میں علامات نہیں ہیں وہ اے کیٹگری میں آتا ہے۔

اس حوالے سے سندھ حکومت نے ایس او پیز بھی جاری کررکھی ہیں۔ اس تاثر کو زائل کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ شہری بلا خوف اپنا ٹیسٹ کروائیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ شہری اپنا کورونا ٹیسٹ کروانے سے مت گھبرائیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر کسی بھی شخص میں کورونا علامات ہیں تو محکمہ صحت کی ہیلپ لائن سے رجوع کرے۔ محکمہ صحت کی ٹیم گھر آکر اس فرد کا مفت ٹیسٹ کریگی۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر محکمہ صحت کی ٹیم متعلقہ شخص کو گائیڈ کریگی تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی دیکھ بھال کرسکے۔

انھوں نے کہا کہ ایسا قطعی نہیں کہ حکومت زبردستی اسے استپال میں داخل کریگی، ہمیں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔ شہری، حکومتی اداروں پر اعتماد کرتے ہوئے گھبرائے بناء اپنا ٹیسٹ کروائیں۔ اے کیٹگری والے کورونا مریض کے ساتھ کوئی زبردستی نہیں کی جاتی۔ ایسے افراد خود کو گھر میں آئیسولیٹ کرسکتے ہیں جس کے لئے حکومت انکی مدد کریگی۔