کے پی میں کورونا سے ریکوری کی شرح سب سے زیادہ ہے، اجمل وزیر

May 28, 2020

ترجمان خیبر پختونخوا حکومت اجمل وزیر نے کہا ہے کہ کورونا سے متعلق عوام میں شعور پیدا کرنے حوالے سے میڈیا اہم کردار ادا کررہا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے ریکوری کی شرح دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اجمل وزیرنے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کورونا مریضوں کی ریکوری کی شرح 31 فیصد ہے، جبکہ صوبے میں کورونا کے 200 آئسولیشن وارڈز قائم ہیں جن میں 5598 بستروں کی گنجائش ہے۔

انہوںنے کہا کہ صوبے میں 359 قرنطینہ مراکز قائم ہیں جبکہ کے پی کے میں 550 سے زائد وینٹی لیٹرز کورونا مریضوں کےلئے مخصوص ہیں۔

اجمل وزیرنے کہا کہ سماجی فاصلے سمیت دیگر حفاظتی انتظامات پر من و عن عمل کرکے ایک اہم ذمہ دار شہری کا ثبوت دیں۔

ترجمان کے پی حکومت نے کہا کہ اس وقت کورونا کا علاج صرف اور صرف احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ لیڈر اور ڈیلر میں فرق ہوتا ہے عمران خان ایک لیڈر ہے جو ہمیشہ فرنٹ سے لیڈ کرتا ہے اس سے پہلے سارے ڈیلر تھے جنہوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی خود فرنٹ پر موجود ہیں اور اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز کے دورے کر رہے ہیں۔