ناکوں پر اہلکاروں کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں‘ آئی جی

May 29, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) آئی جی پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی ناکوں پر مامور افسران و جوانوں کی جانوں کو محفوظ بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ ریڈ زون سمیت تمام داخلی اور خارجی راستوں پر قائم ناکوں پر سی ٹی ڈی کے دو دو جوان تعینات کئے جائیں گے، ہر ناکے پر کم از کم پانچ جوانوں کی ڈیوٹی لگائی جائے، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ناکوں پر مامور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ تمام ناکوں پر مامور افسران و جوان جاری کردہ ایس او پی پر مکمل عمل درآمد کرینگے۔ اس حوالے سے جمعرات کو آئی جی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ آئی جی نے کہا کہ تفتیش کا عمل تیز اور ملزموں کو جلد سے جلد گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ناکوں پر جوانوں کو اسلحہ، ایمونیشن، بلٹ پروف جیکٹوں سمیت پورا سازو سامان مہیا کر کے ناکوں کو موثر بنایا جائے۔ آئی جی نے کہا کہ تمام ناکہ جات پر مامور افسران و جوان جاری کردہ ایس او پی پر مکمل عمل درآمد کرینگے، کسی ناکہ پر ڈیوٹی ایس او پی کے مطابق نہ ہوئی تو زونل ایس پی جوابدہ ہوگا۔