پنجاب بھر میں شہروں اور دیہات کی تعمیر و ترقی کا کام تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام، لاہور ڈیولپمنٹ پروگرام اور مثالی گاؤں منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پی ایچ اے، صاف پانی اور دیہی روڈ منصوبوں پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مریم نواز نے لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کی ہدایت کی اور خود نگرانی کرنے کا اعلان بھی کیا۔
علاوہ ازیں سیوریج لائن سڑکوں کے بجائے گرین بیلٹ میں بچھانے کا حکم دیا گیا جبکہ مین ہول سڑک کنارے ہوں گے۔ ڈرینج اور سیوریج سسٹم کی پائیداری کے لیے 100 سال تک کارآمد سیوریج پائپ نصب کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے 7 شہروں میں پنجاب ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کو اپریل میں مکمل کرنے کا حکم دیا جبکہ پورے صوبے میں پی ایچ اے قائم کرنے کے لیے قابلِ عمل پلان طلب کرلیا۔
علاوہ ازیں اجلاس میں ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروجیکٹ کی دوسری قسط فوری جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے گلیوں اور سڑکوں میں کھدائی کر کے کھلا چھوڑنے پر برہمی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ عوام کو سڑکوں پر کھدائی کی وجہ سے ہونے والی تکلیف پر معذرت چاہتے ہیں۔