اوورسیز پاکستانیوں کو بیرون ملک واپس جانے میں شدید مشکلات

May 29, 2020

راولپنڈی (جنگ نیوز) اوور سیز پاکستانیوں کو بیرون ملک واپس جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے‘ تین تین مہینوں سے بیرون ملک جانے کیلئے کوشاں اوربار بار سیٹ کینسل ہو جانے کے خدشات سے پریشان مسافروں نے وزیراعظم عمران خان‘ ذوالفقار عباس بخاری اور دیگر سینئر حکام سے نوٹس لینے اور مسافروں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جنوری میں پاکستان آنیوالے ایک مسافر غلام صفدر کے مطابق وہ فرانس واپسی کیلئے مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ پہلے انکی سیٹ اپریل میں تھی جسے منسوخ کر کے 29مئی کا کہا گیا لیکن گزشتہ روز پھر یہ سیٹ بھی کینسل کر کے 3جولائی کو پرواز کی دستیابی کا کہا گیا۔ مسافر کے احتجاج پر اسے کہا گیا کہ 3سو یورو اضافی دینے پر انہیں چانس پر سیٹ مل سکتی ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ سیٹ کینسل ہونے کے بعد اگلی دستیاب فلائٹ پر انہیں ایڈجسٹ کیا جانا چاہئے اور اس پرواز کے مسافروں کو اس سے اگلی فلائٹ میں بھجوایا جائے۔