جنگلات میں پولیس مقابلہ، دو ڈاکو ہلاک، متعدد پناہ گاہیں نذرآتش، آپریشن جاری

June 01, 2020

سکھر(بیورورپورٹ ) سکھر باگڑجی کچے کے جنگلات میں رات گئے پولیس اور ڈاکووں کے درمیان مقابلہ دو ڈاکو ہلاک ہوگئے مارے جانے والے ڈاکووں کی گرفتاری پر مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے انعام رکھنے کی شفارش کی گئی تھی، ڈاکووں کی متعدد پناہ گاہوں کو نذرآتش اور مسمار کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق کئی روز سے باگڑجی کچے کے جنگلات میں ڈاکووں کے خلاف آپریشن جاری ہے رات دیر گئے پولیس کو آپریشن کے دوران بڑی کامیابی ملی ہے دو ڈاکو مقابلے میں مارے گئے ہیں اور رات گئے تک مقابلہ جاری تھا جبکہ پولیس کی مزید نفری بھی طلب کی گئی ہے۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں جو خود اس آپریشن کی سربراہی کررہے ہیں کے مطابق مقابلے کے دوران مارے جانے والے دونوں ڈاکووں پر 25 لاکھ روپے انعام کی سفارش کی گئی تھی انہوں نے بتایا کہ مارے جانے والے ڈاکووں کی شناخت ہزارو خروس اور مکھنو خروس کے نام سے ہوئی ہے، ڈاکو ہزارو کی گرفتاری کیلیے حکومت سندھ سے 20 لاکھ انعام مقرر کرنے کی سفارش کی گئی تھی جبکہ مکھنو خروس پر 5 لاکھ روپے انعام کی سفارش کی گئی ہے۔ آخری سطور لکھے جانے تک پولیس اور ڈاکووں کے درمیان مقابلہ جاری تھا۔