اکثر افراد اپنی صحت سے متعلق منفی سوچ رکھتے ہیں اور چھوٹی چھوٹی باتوں کو بیماری سمجھ لیتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارا جسم خود ہمیں بتاتا ہے کہ ہم کتنے صحت مند ہیں۔
طبی ماہرین کی جانب سے ایسی 7 حیران کُن علامات بتائی گئی ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ آپ کی صحت آپ کے خیال سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔
1- بغیر تھکن کے وزن اٹھا لینا
اگر آپ بازار سے لایا گیا سامان بغیر بازوؤں میں درد یا تھکن محسوس کیے آسانی سے اٹھا لیتے ہیں اور اسے کچن تک پہنچا دیتے ہیں تو یہ ایک اچھی علامت ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کا مطلب ہے کہ آپ کی گرفت اور مجموعی اعصابی طاقت بہتر ہے جو دل کی صحت اور لمبی عمر کی اہم علامت سمجھی جاتی ہے۔
2- روزانہ باقاعدہ اسٹول پاس کرنا
روزانہ ایک وقت اسٹول پاس کرنا اس بات کی علامت ہے کہ آپ کا نظامِ ہاضمہ درست کام کر رہا ہے۔ ماہرین غذائیت کے مطابق بےقاعدہ قضائے حاجت کیلئے جانا آنتوں کی خرابی، خراب گٹ ہیلتھ اور سوزش کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
3- 30 سیکنڈز تک سانس روک پانا
اگر آپ آرام سے 30 سیکنڈز تک سانس روک سکتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کا نظامِ تنفس مضبوط ہے اور جسم میں آکسیجن کو سنبھالنے کی صلاحیت اچھی ہے۔
4- نیند کے دوران بار بار نہ جاگنا
اگر آپ رات بھر ایک بار بھی نہیں جاگتے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ آپ گہری اور معیاری نیند سو پا رہے ہیں۔ بار بار جاگنا شوگر لیول کے بگڑنے یا ہارمونز کے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے۔
5- کھانے کے بعد میٹھا کھانے کی خواہش نہ ہونا
اگر کھانے کے فوراً بعد میٹھا کھانے کی طلب نہیں ہوتی تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ کا انسولین سسٹم درست کام کر رہا ہے اور بلڈ شوگر لیول متوازن ہے۔
6- 20 منٹ کے اندر نیند آ جانا
بستر پر جانے کے بعد اگر آپ 20 منٹ کے اندر اندر سو جاتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کا اعصابی نظام اور جسمانی گھڑی (سرکیڈین ردھم) ہم آہنگ ہے۔
7- جاگنے کے بعد تازہ دم محسوس کرنا
اگر آپ جاگنے کے 30 منٹ کے اندر خود کو چاق و چوبند محسوس کرتے ہیں تو یہ اچھی نیند اور درست ہارمونل نظام کی علامت ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اس کا مطلب ہے کہ آپ کے جسم میں کورٹیسول ہارمون صحیح طریقے سے کام کر رہا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تمام علامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ آپ کی صحت درست سمت میں جا رہی ہے اور آپ اپنے جسم کے بارے میں مثبت سوچ رکھ سکتے ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔